حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بیت المقدس سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے وہ ہمارا قبلہ اول ہے، انبیا کی مقدس سرزمین فلسطین میں اس وقت اسرائیل نے ظلم و بربریت کی انتہا کی ہوئی ہے ،ان خیالات کا اظہار نائب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع مٹیاری حنا جلال نے ضلع مٹیاری کے شہر نیو سعیدآباد میں یکجہتی فلسطین کے حوالے سے منعقد ہ پروگرام میں کیا ،علاوہ ازیں انکا کہنا تھا کہ سرزمینِ قدس، قبلہ اول کی بنا پر تمام اُمتِ مسلمہ کا مشترکہ اَثاثہ ہے، یہاں انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کی کثرتِ بعثت کی بنا پر یہ ’’سرزمینِ انبیاء‘‘ بھی کہلاتی ہے، ارضِ فلسطین پر قابض ہونے کے بعد ’’اسرائیل‘‘ نے آگ و خون کا جو سلسلہ شروع کیا، وہ تاحال جاری ہے، ارضِ فلسطین کا مسئلہ صرف عربوں کا نہیں بلکہ کل اہلِ اسلام کا مسئلہ ہے، پاکستان اسلام کے نام پر قائم کی جانے والی اسلامی مملکت ہے، واحد اسلامی ایٹمی قوت ہونے کی بنا پر تمام عالم اسلام کے مظلوم عوام کی نگاہیں پاکستان کی جانب اُٹھتی ہیں، فلسطین کے معاملے میںہمارے حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے، پروگرام کے آخر میں تمام شرکا ہے ممبر شپ فارم بھروائے گئے قبل ازیںحلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع مٹیاری اور جامعہ محسنات منصورہ سندھ کے تحت غزہ و فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت ناظمہ ضلع مٹیاری صفیہ شعیب بھٹو، نائب ناظم حنا جلال ودیگر نے کی،ریلی میں میں خواتین بچوں اور جامعہ کی طالبات کی بڑی تعداد شامل تھی، طالبات نے عالمی اداروں اور مسلم حکمرانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے معصوم بچوں کے علامتی جنازے بھی اٹھائے ہوئے تھے ،ریلی کے شرکاء اسرائیلی مظالم اور فسلطین کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے ، مقررین نے کہاکہ صیہونی قوم مظلوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہی ہے اور نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ مسلم حکمران بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ پاکستان فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کی مضبوط آواز بنے اور ہر سطح پر ان کی حمایت کی جائے ۔