حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن آرفن کیئر حیدرآباد کے تحت ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں جے ای ایس ٹی و ٹرینر مصعب احسن قاضی نے ”استاد کی اہمیت اور ہماری زندگی میں استاد کا کردار” کے موضوع پر شائننگ اسٹارز (رجسٹرڈ یتیم بچوں) سے گفتگو کی، اس موقع پر ایف ایس او صائم عارف نے کہا کہ ”استاد ایک معاشرتی معمار ہوتا ہے، جو نہ صرف علم فراہم کرتا ہے بلکہ بچوں کی شخصیت کو سنوارتا ہے، استاد کی محنت اور لگن ایک مضبوط قوم کی تشکیل کی بنیاد رکھتی ہے، استاد کا کردار والدین کے بعد سب سے اہم ہوتا ہے، جو بچوں کو صحیح راستے پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ استاد کی رہنمائی بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور ہمیں ہمیشہ اپنے اساتذہ کا احترام اور عزت کرنی چاہیے۔” بچوں نے اپنے اساتذہ کے لیے خوبصورت کارڈز بھی تیار کیے اور انہیں محبت اور عزت کے ساتھ اپنے اساتذہ کو پیش کیا۔ اس سیمینار کا مقصد بچوں میں استاد کی عظمت اور احترام کو اجاگر کرنا تھا، تاکہ وہ اپنے اساتذہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں اور ان کی محنت کو سراہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ سے تعلیم اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود میں پیش پیش رہی ہے، اور ایسے مواقع پر بچوں کی شخصیت سازی اور ان کے مستقبل کے حوالے سے اہم اقدامات کرتی رہتی ہے۔