ملتان ٹیسٹ، پاکستان کے انگلینڈ کیخلاف 4کھلاڑی آئوٹ پر 328رنز

106

ملتان (نمائندہ خصوصی):پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے، کپتان شان مسعود اور اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے شاندار سنچریاں ا سکور کیں۔ گزشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم جلد ہی پہلی وکٹ گر گئی جب صائم ایوب 8 کے مجموعی اسکور پر 4رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد نئے آنے والے بلے باز کپتان شان مسعود نے عبد اللہ شفیق کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانا شروع کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے شاندار سنچریاں ا سکور کیں، شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی 5ویں سنچری مکمل کی۔ 261 کے مجموعی اسکور پر عبد اللہ شفیق 102 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد کپتان شان مسعود بھی 151 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد نئے آنے والے بلے باز بابر اعظم اور سعود شکیل نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 324 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب بابراعظم 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے، سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریزپرموجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے گاس ایٹکنسن نے2 وکٹیں حاصل کیں جبکے کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔