کاٹی کے سابق صدر جوہر قندھاری سندھ اسٹیوٹا کے بورڈ ممبر نامزد

47

کراچی ( کامرس رپورٹر )سندھ حکومت کی جانب سے کاٹی کے سابق صدر جوہر قندھاری کو سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی STEVTA کے بورڈ ممبر اور کاٹی کے سابق چیئرمین احتشام الدین کو STEVTA-IMC کے ادارے کورنگی ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین نامزدگی پر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ سابق صدر جوہر قندھاری اور احتشام الدین منجھے ہوئے صنعتکار اور کاروباری افراد ہیں، اور کاٹی کے لئے ایک اعزاز ہے کہ جوہر قندھاری کو STEVTA کا بورڈ ممبر اور احتشام الدین کو STEVTA-IMC کا چیئرمین جبکہ نگہت اعوان، واجد حسین، طارق حسین کو کورنگی ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے ممبران کے عہدوں پر تقرری سے نوازا گیا۔انہوں نے کہا کہ احتشام الدین کاٹی میں بھی شعبہ تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں رہے ہیں جبکہ کاٹی اور تعلیمی، عملی و تحقیقی اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کیا۔ صدر کاٹی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کی چئیر مین شپ کے دوران کورنگی ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا ادارہ دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کریگا۔جنید نقی نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو اپناروزگار اورکاروبار شروع کرانے کیلئے حوصلہ افزائی ہونی چاہئیے۔مزید براں جنید نقی نے کاٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ندیم خان کو بھی اسٹیوٹا کے ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاٹی کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی میں کاٹی کے عہدیداروں کو کلیدی کردار کیلئے منتخب کیا گیا۔