ریلوے کے مزدور رہنمائوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی و پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کراچی کی ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مزدور رہنمائوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں اور پابندیاں مسلط کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایسے اقدام کو آمرانہ دور کا طرزِ عمل قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف معاملے کا نوٹس لیں۔ وقار مہدی سے سینئر مزدور رہنما منظور احمد رضی، منظور احمد ملاح، محمد نسیم رائو و دیگر نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مزدور رہنمائوں نے شکایت کی کہ ڈی ایس ریلوے کراچی کا مزدور رہنمائوں سے رویہ انتہائی توہین آمیز، مزدور دشمن اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ مزدور رہنماوَں نے وقار مہدی کو گزارش کی کہ وہ ڈی ایس ریلوے کراچی کے مزدور دشمن اقدامات پر محکمے کی اعلیٰ انتظامیہ سے بات کریں۔ وقار مہدی نے فوری طور جنرل مینیجر ریلوے عامر بلوچ سے فون پر رابطہ کیا اور محنت کشوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں روکنے کو کہا۔ جنرل مینیجر ریلویے نے یقین دہانی کرائی کہ مزدور رہنماوَں سمیت کسی کے ساتھ بھی ناانصافی ہونے نہیں دی جائے گی۔