کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر اسٹاف نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک گیر یوم یکجہتی غزہ منایا۔ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز دن 12 بجے اپنے کلینکس اور اسپتالوں کے باہر جمع ہوئے اور فلسطینی جھنڈے اور بینرز اٹھا کر غزہ کے لوگوں بالخصوص ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جو مشکل حالات میں طبی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس دن کے منانے کی اپیل پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کی تھی۔ انہوں نے ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج میں فیکلٹی اور طلبہ کے مظاہرے سے خطاب کیا اور کہا کہ غزہ میں صحت عامہ کا شعبہ بدترین حالات سے دوچار ہے۔ وہاں کے دو ملین سے زیادہ لوگوں کو بنیادی صحت کی خدمات سے محروم کر دیا گیا ہے، پچاس ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو بنیادی صحت اور زچگی کی دیکھ بھال کی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں، اس وقت 12,500 کینسر کے مریضوں اور 25,000 زخمیوں کو بیرون ملک علاج کی فوری ضرورت ہے، جن کی زندگی انتہائی خطرے سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 986 ہیلتھ کیئر ورکرز ان خطرناک حالات میں خدمات انجام دیتے ہوئے شہید ہو چکے ہیں ۔انہوں نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کی جاری مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے اور اس پورے خطے کو مزید تباہی سے روکا جا سکے۔