کراچی (پ ر) امیر جماعت السلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن سمیت ضلع بھر میں یوم یکجہتی فلسطین و غزہ منایاگیا 100سے زاید مقامات پر اسکول‘ مدارس کے طلبہ وطالبات اور نجی اداروں‘یوسیز کے ملازمین اور منتخب بلدیاتی نمائندوںنے احتجاج ریکارڈ کرایا‘ جس میں اورنگی ٹاؤن، گلشن توحید‘ گلشن بہار‘ منگھوپیر‘ سرجانی ٹاؤن ناردرن بائی پاس‘ شاہراہ اورنگی سمیت دیگر علاقے شامل تھے۔ شرکا نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کیخلاف متحد ہونے اور اہل فلسطین کیلیے ہرطرح کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع امیر ضلع غربی مدثرحسین انصاری نے اسلام چوک پر طلبہ وطالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکی ایجنٹ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو‘ انہوں نے کہا کہ آج فلسطین پرحملے کوایک برس سے زائد گزر گیا ہے، 50ہزار سے زاید فلسطینی شہید اور دو لاکھ سے زاید زخمی ہیں‘ 20لاکھ کے قریب فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں‘ لیکن مسلم دنیا کی جانب سے مذمت کی بھی نہیں کی جارہی‘ القدس زبانی جمع خرچ سے نہیں صلاح الدین ایوبی کے عملی کردار سے آزاد ہوگا‘ امت مسلمہ القدس اور انبیاؑء کی سرزمین کے تحفظ کیلیے متحد ہوجائے‘ انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک کی طرح ضلع غربی کے عوام اور طلبہ بھی سڑکوں پر ہیں اور اپنی بساط کے مطابق احتجاج ریکارڈ کروارہے ہیں۔