ضلع غربی میں طلبہ وطالبات کا اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی

58

کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت السلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن سمیت ضلع بھر میں یوم یکجہتی فلسطین وغزہ منایاگیا 100سے زاید مقامات پر اسکول، مدارس کے طلبہ وطالبات اور نجی اداروں،یوسیز کے ملازمین اور منتخب بلدیاتی نمائندوںنے احتجاج ریکارڈ کرایا، جس میں اورنگی ٹاؤن، گلشن توحید‘ گلشن بہار‘ منگھوپیر‘ سرجانی ٹاؤن ناردرن بائی پاس ‘شاہراہ اورنگی سمیت دیگرعلاقے شامل تھے۔ شرکا نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے اور اہل فلسطین کے لیے ہرطرح کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع امیر ضلع غربی مدثرحسین انصاری نے اسلام چوک پر طلبہ وطالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکی ایجنٹ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، انہوں نے کہا کہ آج فلسطین پرحملے کوایک برس سے زاید گزر گیا ہے، 50ہزار سے زاید فلسطینی شہید اور 2 لاکھ سے زاید زخمی ہیں‘ 20لاکھ کے قریب فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں‘ لیکن مسلم دنیا کی جانب سے مذمت کی بھی نہیں کی جارہی‘ القدس زبانی جمع خرچ سے نہیں صلاح الدین ایوبی کے عملی کردار سے آزاد ہوگا‘ امت مسلمہ القدس اور انبیا کی سرزمین کے تحفظ کے لیے متحد ہوجائے‘ انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک کی طرح ضلع غربی کے عوام اور طلبہ بھی سڑکوں پر ہیں اور اپنی بساط کے مطابق احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں‘ انہوں نے اسکولوں کے ذمے داران سے اظہارتشکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسکول انتظامیہ اپنے تعلیمی اداروں میں القدس کی آزادی اور اہمیت سے متعلق طلبہ کو آگاہی دیں، جماعت اسلامی اس ضمن میں ان سے بھرپورتعاون کرے گی۔