کراچی ائرپورٹ دھماکا پاک چین دوستی پر حملہ ہے‘ مجرموں کو سخت سزا دیں گے‘ پاکستان،چین کا ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کا مطالبہ

166
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیانگڈونگ ملاقات کر رہے ہیں

اسلام آباد /بیجنگ /کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن /اے پی پی/ اسٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ چین نے پاکستان سے ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابقترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ واقعے پر چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، حملے میں 2 چینی انجینئرز کی جانیں گئیں اور ایک زخمی ہوا‘ دہشت گردی کی کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر حملہ ہے‘ سیکورٹی فورسز دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی، حملے میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جب کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں‘ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ چین کی وزارت خارجہ نے کراچی میں چینی قافلے پر خودکش حملے پر ردعمل میں پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سی پیک، چینی شہریوں، چینی پروجیکٹ اور اداروں کے تحفظ کے مؤثر اقدامات کرے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی شہریوں پر ہوئے حملے پر گہری تشویش ہے اور چینی شہریوں پر ہوئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، حملے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردی انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے، پاک چین اعتماد، تعاون اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کی دہشت گرد قوتوں کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور چین پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ چین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان حملے کی مکمل تحقیقات کرے اور مجرموں کو سخت سزا دے۔ چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے فوری ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے‘ زخمیوں اور ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کراچی ائر پورٹ کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے واقعے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان میں پی پی پی چیئرمین نے وزیراعلیٰ سندھ کو امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہونے والے دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت3 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہو گئے۔ چینی عملے کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، زخمیوں میں ایک چینی باشندہ بھی شامل ہے۔ جناح اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت10 افراد کو زخمی حالت میں جناح اسپتال لایا گیا۔ زخمیوں میں خاتون تسلیم، عظیم، پولیس اہلکار وقار، محمد الیاس، محمد نعیم، عمر طارق، راعنوخان، حمزہ اور علی شامل ہیں جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے میں 4 پولیس اور 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوئے۔ دھماکے کے نتیجے میں15 سے زاید گاڑیوں کو نقصان پہنچا‘ متاثرہ گاڑیوں میں ایک پولیس موبائل اور 2 رکشے شامل ہیں‘ 70 سے 80 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہران کار میں سوار حملہ آور غیر ملکیوں کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا‘ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری ڈبل کیبن گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرائی‘ دہشت گرد ٹریفک سگنل پر چینی باشندوں کے قافلے کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ بم پروف گاڑی بھی شدید متاثر ہوئی۔ تفتیشی حکام نے حملے میں استعمال کی جانے والی گاڑی کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں ، ڈبل کیبن گاڑی شاہ فہد کے نام پر رجسٹر ہے جو کراچی سے خریدی گئی تھی۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں استعمال گاڑی جس کے نام تھی اس کا نادرا ریکارڈ مل گیا ہے، گاڑی کی تفصیلات چیسز نمبر سے حاصل ہوئیں۔ نادرا ریکارڈ کے تناظر میں تحقیقات کا دائرہ بلوچستان تک پھیلا دیا گیا ہے۔گاڑی جس شخص کے نام تھی اس کی شناختی دستاویزات حاصل کرلی گئی ہیں، اس شخص کے زیر استعمال سموں کا ڈیٹا بھی لیا جا رہا ہے۔ آئی جی سندھ کے احکامات پر دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی گئی‘ بم ڈسپوزل ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ کے حکام تفتیش کریں گے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں بارودی مواد کے استعمال کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) تحقیقات کر رہا ہے‘مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں‘ تفتیشی حکام نے زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کرلیے ہیں، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔ بم ڈسپوزل ایسٹ کے انچارج عابد شاہ نے بتایا کہ جائے وقوع سے مختلف شواہد جمع کیے ہیں، تمام سیمپل کو لیبارٹری بھیجا جائے گا‘ رپورٹ کی روشنی میں اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی نے ایکشن لیتے ہوئے ائر پورٹ سگنل پر دھماکے کے بعد انچارج اسپیشل برانچ چائنا ڈیسک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا‘ فواد شاہین ائر پورٹ پر اے ایس یو اینڈ چائنا ڈیسک اسپیشل برانچ کے انچارج تھے ان کا کام چینی شہریوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنا تھا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی ائر پورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے موثر کارروائی کرنا ہوگی۔ پاکستانی چینی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی عملے کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔پیر کو وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں2 چینی باشندوں کی موت پر رنج و الم کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گرد حملے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد جہنم واصل کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف چینی سفارت خانہ گئے اور انہوں نے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے دہشت گرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و الم کا بھی اظہار کیا اور مذمت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی پیر کو محسن نقوی نے چین کے سفیر، حکومت اور ہلاک ہونے والے چینی باشندوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔