میرپورخاص(نمائندہ جسارت) عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مارکیٹ چوک پر منعقدہ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع حافظ سلمان خالد ،مقامی امیر نورالٰہی مغل ،ن لیگ کے زاہد قائمخانی ،مرکزی مسلم لیگ کے شعیب سندھی ،عاصم شیخ ،ظفر اقبال مجاہد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین استقامت و قربانی کا کوہ گراں ثابت ہوئے ہیں۔اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ مظالم کے ذمے دار ایٹمی و معدنی صلاحیت سے مالا مال دنیا بھر کے مسلم امہ کے حکمراں ہے۔بے حمیتی اور بیغیرتی کی چادر اوڑھے مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بذدلی اور دنیا پرست عیاشیوں کے سبب اسرائیل اہل فلسطین پر مسلسل قیامت ڈھا رہا ہے۔فلسطین و اقصی کو اسرائیل کے پنجہ استبداد سے آزاد کرنے اور اہل فلسطین کو اسرائیلی وحشت ناکیوں اور انسانیت سوز مظالم سے نجات دلانے کیلیے جہاد کا اعلان کرنا ہوگا۔ عالمی یوم مزاحمت کے بڑے احتجاج میں شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود سیکڑوں مرد و خواتین اور بچوں انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہوئے معصوم بچوں نے لبیک یااقصی اور اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد کی پٹیاں اپنی پیشانیوں پر پہنی ہوئی تھیں۔ مظاہرین نے اہل فلسطین سے یکجہتی کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اسرائیل کی بربادی تک اور اقصی کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حماس مجاہدین طوفان الاقصی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں اسرائیلی مظالم کو ایک سال ہونے کے باوجوداہل فلسطین پرعزم ،ہمت و شجاعت کا پہاڑ بنے ہوئے ہیں۔اقوام عالم اپنی بے حسی ختم کرے۔اہل فلسطین نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔اہل پاکستان کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔اب تک پاکستانیوں کی طرف اہل فلسطین کیلیے ادویات،غذائی اجناس ،کپڑوں جوتوں ،میڈیکل سرجیکل آلات ،الیکٹریکل آلات و دیگر ضروری اشیا کی ہزاروں ٹن پر مشتمل کئی کھیپیں الخدمت فائونڈیشن کے ذریعے پہنچ چکی ہیں۔مقررین نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کے آگے سب سے بڑی رکاوٹ اہل فلسطین ہیں۔اسرائیل فلسطین کے بعد لبنان و ایران پر حملہ آور ہورہا ہے اور اس کے بعد مکہ و مدینہ کو ٹارگٹ کرے گا۔ایٹمی پاکستان کو اس میں اپنا کلیدی رول ادا کرنا ہوگا کیونکہ اسرائیل کی جارحیت اور مظالم کو صرف طاقت سے روکا جاسکتا ہے۔