اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کررہا ہے

92

کنری(جسارت نیوز)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر عالمی ضمیر کی بے حسی کیخلاف اور مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے کنری کی خالد کالونی میں واقع جماعت اسلامی کے آفس سے جماعت اسلامی کے ضلعی قیم خلیل احمد کھوکر کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں جماعت اسلامی کی خواتین اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان نے بھی کثیر تعداد میں شامل ہوئے،ریلی کے شرکا نے پینا فلیکس اور پلے کارڈز اٹھا کر نیشنل پریس کلب کنری کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،فلسطینیوں سے ہمارا رشتہ کیا لا الہ اللہ،سبیلنا سبیلنا الجہاد الجہاد کے فلک شگاف نعرے لگائے،ریلی میں یکجہتی کے طور پر مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما انجینئر عبد المنعم خان،جہانزیب آرائیں اور جمعیت اہل حدیث کے رہنما حافظ نوید احمد اور ان کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔شرکا سے خلیل احمد کھوکر،انجینئر عبد المنعم خان،حافظ نوید احمد،ضلعئی ناظمہ شعبہ خواتین عشرت ناز،نوید احمد منصوریاور ، افروز احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی ناجائز اولاد اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے ان کے نسل کشی کی جا رہی ہے بمباری سے ان کے گھر، اسپتال،اسکول اور مساجد نیست نابود کر دیے گئے ہیں لیکن ان کے حوصلے اب بھی پست نہیں ہوئے،نہتے فلسطینی اب بھی اسرائیل کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایٹمی قوت ہونے کے باوجود پاکستان سمیت 52 اسلامی ممالک مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کا تماشا دیکھ رہے ہیں اور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے پاکستانی حکمرانوں سے سوال کیا کہ کیا ایٹم بم صرف نمائش میں رکھنے کیلئے بنایا گیا تھا،ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ہمارے حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کہاں ہیں جوکہ ایک کتے کے مرنے پر تو واویلا کرتی نظر آتی ہیں لیکن ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی ان کو نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ایک دن اللہ تعالی کی غیبی مدد سے مظلوم فلسطینی شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا۔انہوں نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ غیرت ایمانی کا ثبوت دیکر فلسطینیوں پر مظالم کو بند کروائیں اور کان کھول کر سن لیں اگر آج ہم نے ان کو نہ روکا تو کل ہماری باری آئے گی۔