سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کی جانب سے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی کال پر فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پر پریس پر احتجاج اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے جماعتِ اسلامی نے ریلی نکالی۔ امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانا حزب اللہ جکھرو، شعبہ خواتین کی رہنما عائشہ ظہیر، عظمی وحید، ثمینہ شوکت کی قیادت نکالی گئی میں ریلی قاسم پارک سے پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، ریلیوں کا مقصد فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرنا اور عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حق میں عملی اقدامات کرنے کی یاد دہانی کرانا تھا۔ ریلی میں جماعت اسلامی کے قائدین، کارکنان، سول سوسائٹی مختلف اسکولز کے طلبہ و اساتذہ کے نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطین کے جھنڈے اور بینرز اُٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے، امیر جماعتِ اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانہ حزب اللہ جکھرو، شعبہ خواتین کی رہنما عائشہ ظہیر،عظمی وحید، ثمینہ شوکت نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ اسرائیل کی غیر انسانی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کے خلاف اقدامات اور فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ کرے۔‘‘