سعودی عرب میں دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع

362

ریاض: سعودی عرب میں دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جدہ ٹاور کے نام سے زیرتعمیر عمارت مکمل ہونے کے بعد دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز پا لے گی، جو کی اونچائی ایک کلومیٹر کے مساوی ہوگی۔

کرپشن کے خلاف مہم کے تحت روکے جانے کے بعد منفرد عمارت کی تعمیر کے کام کا ایک بار پھر آغاز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں جدہ اکنامک کمپنی (جو اس منصوبے پر کام کررہی ہے) نے اعلان  کیا ہے کہ 4 سال کے بعد (2028ء میں) یہ منصوبہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

تین ہزار 280 فٹ (ایک ہزار میٹر) بلند اس فلک بوس منفرد عمارت کی تعمیر تقریباً ایک تہائی  ہو چکی تھی، تاہم 7 سال قبل (2017ء میں) اس منصوبے سے جڑی اہم شخصیات جن میں ٹھیکے دار اور مالی معاونت کرنے والے گروپ کے ارکان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

منصوبے سے جڑی اہم شخصیات کی گرفتاری سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کرپشن کے خلاف مہم کا حصہ تھی، جس میں سیکڑوں افراد سے تحقیقات کی گئی تھی، بعد ازاں مختصر وقت تک  تعمیراتی کام جاری رہنے کے بعد بالآخر روک دیا گیا تھا۔