وزیراعظم کی چینی سفیر سے ملاقات، کراچی حملے میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی یقین دہانی

128

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے کراچی حملے میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور چینی سفیر جیانگ ژی ڈانگ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے گزشتہ شب کراچی میں ہونے والے دھماکے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے پر اظہار تعزیت کیا۔

شہباز شریف نے ملاقات میں کہا کہ دہشتگردی کے واقعے میں ملوث افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ واقعے کے ذمے داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ کراچی واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا جب کہ مستقبل میں غیر ملکیوں کے لیے سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔