اسلام آ باد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی آفات کی تعدد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کو قدرتی آفات سے لاحق خطرہ بڑھ گیا ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ہم اتحاد اور استقا،ت کے ساتھ کام اپنے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں، 8 اکتوبر 2005 کا تباہ کن زلزلہ ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں ناقابل ِفراموش تباہی کا باعث بنا۔
قومی یوم استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج ہم 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان کی یادمیں قومی استقامت کا دن منا رہے ہیں۔ یہ زلزلہ ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں ناقابل ِفراموش تباہی کا باعث بنا۔ تاہم، اس تباہی کے دوران ہماری قوم نے بے مثال استقامت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور متاثرین کی دل کھول کر مدد کی۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ آج میں اس زلزلے کے بعد گراں قدر تعاون کرنے پر عالمی برادری، دوست ممالک، سول سوسائٹی اور فلاحی تنظیموں کا بھی تہہ ِدل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ کہ جنہوں نے ہم سے حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف ہماری سڑکوں، تعلیم، صحت اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیرنو میں مدد کی بلکہ زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو امید بھی دی اور انہیں اپنی زندگیوں کی تعمیر ِنو کے قابل بنایا۔