وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈی چوک پر احتجاج کے دوران کارکنان کا ایک بڑا قافلہ خیبرپختونخوا سے آیا، جو مختلف رکاوٹیں عبور کرتا ہوا اسلام آباد کے ڈی چوک کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اسی دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔
احتجاج کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان چاکلیٹ کے کنٹینر کو لوٹتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو ایک مقامی صحافی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں واضح کیا گیا کہ جب قافلہ برہان انٹرچینج کے قریب پہنچا تو پولیس نے راستے بند کرنے کے لیے کنٹینرز لگا دیے۔
کارکنان نے ہمت نہیں ہاری اور جب انہوں نے کنٹینرز ہٹانے کی کوشش کی تو ایک کنٹینر چاکلیٹ سے بھرا ہوا نظر آیا۔ اس منظر نے کارکنان کے حوصلے کو مزید بڑھا دیا اور انہوں نے فوراً اس کنٹینر کو لوٹ لیا۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ کارکنان چاکلیٹس کے بھرے کارٹنز ایسے اٹھائے جا رہے ہیں جیسے بلی کو دودھ میں ملائی مل گئی ہو۔