یوم یکجہتی فلسطین : اسرائیلی دہشت گردی کا ایک سال مکمل ، دنیا بھر میں احتجاج جاری

160

اسلام آباد: اسرائیلی دہشت گردی کے ایک سال مکمل ہونے کے باوجود عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے سبب اسرائیل کی درندگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، صیہونی فوجی غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان اور شام میں بھی وحشیانہ بمباری کرر ہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سمیت دنیا  بھر میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے تعلیمی اداروں ، سڑکوں ، اسپتالوں میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں فلسطینی جھنڈے لہرا کر فلسطین کی آزادی کے حق میں اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔

7 اکتوبر 2023 کو حماس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر ایک بے مثال حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک ہزار ایک سو 89 افراد ہلاک اور2سو51افراد کو یرغمال بنالیا، جس کے بعد اسرائیل نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ مزید بڑھاتے ہوئے اب تک غزہ کی پٹی میں 44 ہزار کے قریب فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے ۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ کی پٹی میں جنگ جاری ہے، سفارتی حل کی کوششوں کے باوجود مستقل جنگ بندی نہیں ہوسکی،  لڑائی اب ہمسائے ملک لبنان میں بھی داخل ہو چکی ہے ، جہاں صیہونی فوجیوں کے دستے حزب اللہ کے مجاہدین  کے ساتھ شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں روزانہ کی بنیاد پر یہ جنگ وسیع ہوتی جا رہی ہے ۔

یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے جامعہ کراچی میں سیکڑوں طلبہ نے فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے احتجاجی مظاہرے  کا انعقاد کیا جس میں طلبہ وطالبات نے شرکت کر کے فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کی۔

مظاہرے میں شریک شرکاء نے کہا کہ فلسطینی 77 سال سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، مغربی ممالک  ایک طرف آزادی اظہار کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف امریکا سمیت دیگر ممالک فلسطین سے اظہار  یکجہتی کرنے والے طلبہ وطالبات  کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، ”احتجاج کے دوران شرکاء نے فلسطینی پرچم لہرا کر اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔

فرانس، پیرس، سوئیڈن سمیت دیگر ممالک کی جامعات میں اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پر شدید احتجاج کیا گیا، جس میں شرکا نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر پابندی لگاتے ہوئے فوری طور جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

7 اکتوبر 2024 آج کے دن اس جنگ کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے لیکن نہ تو جنگ بندی ہوسکی اور نہ ہی اسرائیلی درندگی تھم سکی بے گناہوں کا قتل عام جاری ہے جسے عالمی سطح پر روکنے میں اقوام متحدہ بھی ناکام نظر آئی ہے لیکن آج کے دن دنیا بھر میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف یوم یکجتی فلسطین منایا گیا ہے جس میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا گیا یہ دن عالمی سطح پر منایا گیا جس میں پاکستان کے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے لیے خصوصی پیغام بھی جاری کیا ۔