اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد فلسطینیوں کے ساتھ اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا جو مسلسل اسرائیلی جارحیت اور ظلم کا سامنا کر رہے ہیں ۔
فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی اس وقت تک حمایت جاری رکھے گی جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں نہیں آ جاتا، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج اپنے نہتے اور بے گناہ فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل عالمی طاقتوں، بین الاقوامی اداروں، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کا مذاق اڑا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج جب پاکستان قومی سطح پر فلسطینی یکجہتی کا دن منا رہا ہے، تو ان کا دنیا بھر کے لیے پیغام ہے کہ فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد مشکل کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج (7 اکتوبر) کو ایک سال ہو چکا ہے جب اسرائیل نے فلسطینیوں پر اپنے مظالم کی ایک نئی لہر کا آغاز کیا تھا۔