کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب گزشتہ رات ہونے والے دھماکے سے متعلق چینی سفارتخانے کا بیان سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کرے، مجرموں کو سخت سزا دی جائے، چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب رات گئے ہونے والے دھماکے میں چینی باشدوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب تفتیشی افسر کا دعوی ہے کہ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی باشندوں کے قافلے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔