میڈیا پر وائرل تصویر وزیر اعلیٰ علی امین کی نہیں میری ہے‘ یار خان

154

بنوں (صباح نیوز)صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کو وزیر اعلیٰ پختونخوا سے منسوب کیا ہے، حقیقت میں وہ میری تصویر ہے،وفاقی حکومت نے میڈیا پر جھوٹی اور جعلی تصویر کے ساتھ خبر چلائی ہے، یہ تصویر تب کی ہے جب میں خیبر پختونخوا ہاؤس سے باہر نکل رہا تھا، اگر وزیر داخلہ سچ دکھانے کا شوق رکھتے ہیں ہے تو وہ تصویر کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کریں، پھر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا لیکن جعلی حکومت جعلی کارنامہ انجام دیتی ہے، میں اس وقت خیبر پختونخوا ہاؤس سے نکلا جب پولیس اور رینجرز کے جوان داخل ہورہے تھے وہ دوسرے دروازے سے آگئے۔ اُنہوں نے آنسو گیس اور شیلنگ کرکے پختونخوا ہاؤس پر قبضہ کیا ۔اُنہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے اغوا کیا گیا۔ اُنہوں نے وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس مسترد کردی اور کہاکہ ان کو وزیر اعلیٰ اور مجھ میں فرق نظر نہیں آیا۔