قرآن وسنت کے نظام کے ذریعے ہی امن وسکون حاصل کیا جا سکتا ہے۔ قرآن کو سمجھ کر اور ترجمے کے ساتھ پڑھا جائے۔ صالح اجتماعیت ملک میں انقلاب برپا کرسکتی ہے۔ یہ بات تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری نے تحریک محنت ضلع کورنگی کے اجتماع عام سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر تحریک محنت پاکستان کے نائب صدر عبد الرحیم اعوان، سندھ کے سیکرٹری محمد اسماعیل، ضلع کورنگی کے صدر مظفر خان نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال بھی اسٹیک پر موجود تھے۔ سید خالد حسین بخاری نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں یہ ہمیں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ قران وسنت کا نظام ہی دنیا کو چین وسکون فراہم کرسکتا ہے۔ شیطانی قوتوں نے دنیا کو فساد اور ظلم کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ قرآن ہمیں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا وآخرت میں
کامیاب ہوسکتے ہیں۔ تحریک محنت پورے پاکستان میں دینی لٹریچر کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور ہم محنت کشوں کی اصلاح اور ان کی تربیت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ تحریک محنت پاکستان کے نائب صدر عبد الرحیم اعوان نے کہا کہ تحریک محنت اصلاح معاشرتی کا کام کر رہی ہے۔ محمد اسماعیل نے کہا کہ اسلامی نظام کا نفاذاور اقامت دین کا فریضہ ہماری ذمہ داری ہے۔ مظفر خان نے کہا کہ تحریک محنت کے کارکن اور رکن بن کر ہم پاکستان میں تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔