سندھ ہائیکورٹ کی سیسی کمشنر کو ہدایت

273

سندھ ہائی کورٹ نے سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) کے کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ قوانین کے تحت ایک ٹرسٹ کے قیام سے متعلق تفصیلات جمع کروائیں، اور اگر ٹرسٹ قائم نہیں کیا گیا تو اسے دو ماہ کے اندر قائم کیا جائے۔ یہ ہدایت ایک درخواست پر دی گئی ہے جس میں سوشل سیکورٹی کے قوانین کی مختلف دفعات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اس سے پہلے صوبائی حکومت کو سوشل سیکورٹی کورٹس قائم کرنے اور نادہندہ یونٹس سے 557 ملین روپے کے بقایا جات وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔ سیسی کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ جمع کراتے ہوئے عدالت کو بتایا گیا کہ اس نے ٹریڈ یونینز کے ساتھ ملاقاتیں شروع کر دی ہیں اور مختلف ذرائع سے آگاہی پیدا کر رہی ہے تا کہ مزدوروں کی رجسٹریشن کو بڑھایا جاسکے۔ رجسٹرڈمزدوروں کی تعداد میں مطلوبہ اضافہ کیا جا سکے۔

ہائی کورٹ کو بتایا گیا کہ عدالتی حکم کے بعد، سرمایہ کاری کی رقم غیر منافع بخش اسکیموں سے نکال لی گئی ہے اور اسے صرف حکومت کے ٹریژری بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں مختصر، درمیانی اور طویل مدت کے لیے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ڈسٹرکٹ اور سیشن ججوں کو ہدایت دی کہ وہ سول ججوں سے کہیں کہ وہ سیسی کے دائرے میں آنے والے اسپتالوں اور اسکولوں کا دورہ کریں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ اپنے دائرہ اختیار میں کام کر رہے ہیں اور مزدوروں کو مطلوبہ ریلیف فراہم کر رہے ہیں یا نہیں، اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کی پیروی کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ نے سیسی کے کمشنر کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ مزدوروں کی ڈسٹرکٹ وائز فہرست جمع کروائیں، یہ بتاتے ہوئے کہ ہر مزدور، چاہے وہ کسی بھی شعبے میں ہو یا گھریلو صنعتوں میں، اسے سیسی کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔

بینچ نے مشاہدہ کیا کہ سیسی کو ڈپٹی کمشنرز کی مدد سے سنجیدہ مہم چلانی چاہیے اور تحصیل کی سطح پر کیمپس قائم کیے جانے چاہئیں تاکہ مزدوروں کو رجسٹرڈ ہونے میں مدد دی جا سکے۔ سندھ ہائی کورٹ نے مشاہدہ کیا کہ سیسی قانون میں بھی ٹرسٹ کے قیام کی گنجائش ہے، اس لیے سیسی کے کمشنر کو اس بات کی رپورٹ جمع کرانی ہوگی کہ آیا ٹرسٹ قائم کیا گیا ہے یا نہیں، اور اگر نہیں کیا گیا تو اسے دو ماہ کے اندر قائم کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے 7 اکتوبر 2021 کو سیسی کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنی حدود میں آنے والے تمام اداروں کی فزیکل تصدیق کو یقینی بنائے اور ملازمین کی رجسٹریشن کو یقینی بنائے۔ عدالت نے سیسی کو سندھ ہوم بیسڈ ورکرز ایکٹ 2018 کے تحت گھریلو مزدوروں کی رجسٹریشن کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے لیے ضروری اشاعتیں جاری کی جائیں تاکہ گھریلو مزدوروں کو ان کے حقوق سے آگاہ کیا جا سکے۔