جماعت اسلامی سکھر کے تحت یکجہتی غزہ مارچ نکالا گیا

85

سکھر (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی کی جانب سے المرکز الاسلامی ڈہرکی سے مہنگائی اور مہنگی بجلی اور اسرائیلی بربریت کیخلاف مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی غزہ مارچ نکالا گیا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی مولانا مفتی محمد یوسف مزاری، نائب امیر ضل مولانا تشکیل احمد صدیقی، مولانا عبد الرشید لاشاری و دیگر نے کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مظلوم فلسطینی بھائیوں کی آواز بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب اسرائیل نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، دوسری جانب اقوام عالم اندھے ، بہرے ، بے حس اور تماشائی بنی بے حسی کا شکار ہے، سب کو متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں اور لبنانیوں پر ہونے والے ظلم بربریت کے خلاف سرا پا احتجاج بن جانا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلم امہ کے حکمرانوں نے نوٹس نہیں لیا اور اپنی آنکھیں نہیں کھولیں تو اسرائیلی جارحیت کی آگ رفتہ رفتہ رفتہ سب کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، یہ جارحیت صرف غزہ فلسطین لبنان یا حماس حزب اللہ تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ امت مسلمہ اسرائیل کی اسلام دشمنی کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی کے شعبہ تعلقات عامہ کے صدر اور معروف ادیب سردار احمد تبسم گڈانی نے بھی اپنے بیان میں اسرائیل کے ظلم و تشدد پر اظہار افسوس کیا اور اقوام متحدہ کو منتبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو لگام دے۔