میر پور خاص، تعلیمی بورڈ نے اساتذہ کے رکے ہوئے چیک جاری کردیے

43

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین کا احسن اقدام، کئی سالوں سے کاپیوں کی اسسمنٹ کرنے والے اساتذہ کی رکی ہوئی رقم کے چیک جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، ناظم امتحانات کی جانب سے سینٹرالائزڈ اسسمنٹ سینٹر تو بنا دیا گیا ہے لیکن اس میں کاپیاں چیک کرنے والے اساتذہ کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے نتائج میں تاخیر کا اندیشہ ۔تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے چیئرمین ڈاکٹر ثمر رضا تالپور نے گزشتہ دنوں حکومت سندھ کی جانب سے تعلیمی بورڈ کو ملنے والی گرانٹ سے ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کے ساتھ ساتھ امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ کرنے والے اساتذہ کی رکی ہوئی رقم کے چیک بھی جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اسسمنٹ کی یہ رقم گزشتہ کئی سالوں سے تعلیمی بورڈ پر واجب الادا تھی جو کہ اب سیکڑوں اساتذہ کو دی جا رہی ہے دوسری جانب باخبر ذرائع نے بتایا کہ رواں سال امتحانی کاپیوں کی چیکنگ کے لیے ناظم امتحانات تعلیمی بورڈ انجینئر انور علیم خانزادہ کی جانب سے سینٹرالائزڈ اسسمنٹ سینٹر تو بنا دیا گیا ہے لیکن اس میں کاپیاں چیک کرنے والے اساتذہ کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور سینٹر میں کاپیاں چیک کرنے کے لیے اساتذہ نہیں آ رہے ہیں جس سے امتحانی نتائج میں مزید تاخیر ہو سکتی ہے اس ضمن پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں علی شیر، غنی صدیقی اور دیگر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کاپیوں کی اسسمنٹ کرنے والے اساتذہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بچوں کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے اسسمنٹ سینٹر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں انہوں نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے قائم کیے گئے سینٹر الائزڈ اسسمنٹ سینٹر میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے اساتذہ کو پابند بنائیں تاکہ جلد سے جلد رکے ہوئے نتائج جاری ہونے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے۔