پاکستان کے متعدد شہروں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کی وجہ سامنے آگئی

427

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا رہا، جس کی وجہ اوور لوڈنگ بتائی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک موبائل آپریٹر کے سینئر ایگزیکٹو نے بتایا کہ ملک پہلے ہی ویب مینجمنٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن کی وجہ سے کم بینڈوتھ کا سامنا کر رہا ہے، جسے عام طور پر ’انٹرنیٹ فائر وال‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسز میں خلل کی خبریں سامنے آئیں۔ نیٹ بلاکس کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں واٹس ایپ سروسز میں خلل کی شکایات موصول ہوئیں ۔

جمعے کی صبح سے جڑواں شہروں میں موبائل ڈیٹا سروسز کی معطلی نے آن لائن بینکنگ، رائیڈ ہیلنگ اور فوڈ ڈیلیوری جیسی سروسز کو بھی متاثر کیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ایک سینئر نمائندے نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے چند بڑے شہروں میں سیلولر سروسز بند کرنے کی درخواست کی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا۔

پی ٹی اے کے نمائندے نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سنگین خطرات کے خدشات کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری علاقوں میں سیلولر سروسز معطل کی گئی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی اے نے سیکیورٹی ایجنسیوں کی درخواست پر یہ اقدام اٹھایا ہے، لیکن اتھارٹی کے پاس سیکیورٹی ایجنسیوں سے کسی بھی قسم کے خطرے کی نوعیت یا تفصیلات معلوم کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی درخواست اس لیے مسترد کی گئی کیونکہ صوبے میں کسی شہر میں کوئی بڑا خطرہ نہیں تھا۔