ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، سعود شکیل، پاکستان آسان حریف نہیں، جوئے روٹ

342

ملتان (نمائندہ خصوصی):پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان و مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل نے کہا ہے کہ ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، تمام پلیئرز کا مورال بلند ہے،انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھے نتائج دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے،اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں،ہماری کوشش ہو گی کہ انگلش پلیئرز سے زیادہ غلطیاں کروا کر سیریز جیتیں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے حوالے زیادہ نہیں سوچتے، ہمیں اپنے پلان اور صورتحال کے مطابق کھیلنا ہے،تمام کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں سیریز جیتنی ہے،یہ ایک ایسا موقع ہے کہ ہمیں ہر شعبے میں کارکردگی دکھانی ہے،ٹیم کا مورال اچھا ہے،ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں ہے،سب کا ہدف اچھا کھیل پیش کرنے پر ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم انگلینڈ کے خلاف اچھا کھیلیں گے،یہ ڈیلیور کرنے کا وقت ہے۔پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی ٹیسٹ میچ میں ایک دن باقی ہے،مجھے ابھی نہیں پتہ کہ پچ پر گھاس ہو گی یا نہیں،کنڈیشنز کے مطابق پلان کریں گے۔بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سعود شکیل نے کہا کہ بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کا تعلق وائٹ بال سے ہے اور ہم ریڈ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا،استعفی دینا ہر کسی کا اپنا فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف سیریز ماضی کا حصہ ہو چکی اب ہمار ی توجہ آگے ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔ دوسری طرف انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایا ناز بیٹسمین جو روٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اچھی اور مضبوط ٹیم ہے،اس کے پاس اچھے بیٹسمین، بولرز اور آل رائونڈر ہیں،پاکستان کو ہوم گرائونڈ اور اپنی کنڈیشنز کا فائدہ ہو سکتاہے،پاکستان آسان حریف نہیں ہے،ہم اپنے پلان کے مطابق پاکستان کے خلاف کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک، انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں گزشتہ روز یہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جو روٹ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہماری گزشتہ سیریز کی اچھی یادیں ہیں،ہماری ٹیم میں کچھ کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں لیکن سب پرجوش ہیں، ہمارے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے اور اسکلز بھی موجود ہیں، وہ توقعات پر پورا اتر سکتے ہیں۔انگلش بلے بازنے مزید کہا کہ فاسٹ بولنگ اسکواڈ گزشتہ سیریز سے مختلف ہے،ہم اپنے پلان کے مطابق پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔پاکستان ٹیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں میچ ونر ہوتے ہیں،پاکستان ایک اچھی اور مضبوط ٹیم ہے،پاکستان آسان حریف نہیں ہے،پاکستان ٹیم کو اپنی کنڈیشنز کا فائدہ ہو سکتا ہے،پاکستانی کھلاڑیوں کا اسکل لیول ہے،کبھی غلط اندازہ نہیں لگایالیکن ہمیں اپنے کھیل پر توجہ دیکر اچھا کھیلنا ہے۔جو روٹ نے کہا کہ ہمارا ہدف اس پر نہیں ہے کہ ماضی میں کیا ہوا،ہمیں رنز کرنے ہیں اور پھر 20 وکٹیں حاصل کرنی ہیں۔پچ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی پچ نہیں دیکھی، ہو سکتا ہے کہ پچ بولرز دوستانہ ہو۔