پی ٹی آئی کے احتجاج کا مقصد ایس سی او کانفرنس کوسبوتاژ کرنا ہے ،اسحاق ڈار ‘خواجہ آصف

133
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں

سیالکوٹ / اسلام آباد (صباح نیوز /مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف اور نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا مقصد ایس سی او کانفرنس کوسبوتاژ کرنا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی10سال بعد وہی سازش کر رہی ہے جو 2014ء میں چینی صدر شی جن پنگ کی آمد کے موقع پر کی تھی۔ انہوں نے الزام عاید کیا کہ فتنہ الخوارج کے مسلح جتھے پی ٹی آئی کے ساتھ آ رہے ہیں اور اس کے لیے افغانستان سے امداد لی گئی ہے‘ افغان باشندے بھی اس جتھے کا حصہ ہیں اور یہ مسلح جتھے ملکی وقار کو نشانہ بنانے کے درپے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ان سے کہا گیا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے بعد احتجاج کرلیں لیکن ان کا مقصد اس کانفرنس کو سبوتاژ کرنا ہے تاہم پنجاب اور اسلام آباد پولیس صبر کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے شنکر کو اسلام آباد میں دھرنے کی دعوت دینے کے بجائے پی ٹی آئی والے دہلی میں جاکر جلسہ کرلیں، مودی کو بلا لیں‘ پہلے کبھی کسی نے اپنی پاکستانیت کو مشکوک نہیں کیا، یہ واحد جماعت ہے جو اپنی پاکستانیت کو مشکوک کر رہی ہے‘بھارتی وزیرِ خارجہ کو خطاب کے لیے مدعو کرنا پی ٹی آئی کی ساکھ پر سوال ہے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے وقت کا چناؤ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 1997ء کے بعد پاکستان میں عالمی اہمیت کے حامل ایس سی او سربراہی اجلاس سے پہلے احتجاج، ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہے‘احتجاج اور افراتفری پھیلانے کا مقصد ایس سی او کے ایجنڈے میں خلل ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے خطاب کے لیے پاکستان کے دورے پر آئے وزیر خارجہ کو عوامی سطح پر مدعو کرنا بھی سیاسی فائدے کے لیے قومی مفاد اور ایس سی او سربراہی اجلاس کو نقصان پہنچانے کی کھلی کوشش ہے۔