مہذب ہوں، جو کہوں گا پوری ہوش مندی سے کہوں گا : بھارتی وزیرِخارجہ

243

نئی دہلی : بھارت کے وزیرِخارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے دو طرفہ تعلقات پر گفت و شنید اور سفارتی معاملات کی درستی کے لیے نہیں بلکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جائیں گے ۔

نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ایس جے شنکر نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم علاقائی پلیٹ فارم ہے جس کی افادیت تسلیم شدہ ہے۔ اس میں بڑی قوتیں شامل ہیں۔ اس پلیٹ فارم کو کسی بھی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے ہمیں کوئی غرض نہیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس کہاں ہو رہا ہے۔ علاقائی سطح پر امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے لازم ہے کہ مل کر کام کیا جائے۔ اسلام آباد میں سربراہ اجلاس کو زیادہ سے زیادہ مفید بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ایس جے شنکر نے کہا کہ آپ لوگ جانتے ہیں کہ میں ایک مہذب اور باشعور انسان ہوں اور میں اسلام آباد میں جو کچھ بھی کہوں گا پورے احساسِ ذمہ داری کے ساتھ کہوں گا۔

ایس جے شنکر کے پاکستان کے متوقع دورے کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔ ایک عشرے کے دوران بھارت کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ 2015 میں اُس وقت کی بھارتی وزیرِخارجہ سُشما سوراج نے افغانستان سے متعلق ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔