پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد اندرونی ہے غیر ملکی شامل نہیں ، بیرسٹر گوہر

152

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے شنکر کا پارٹی کی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات کے بیان کو غلط سیاق و سباق میں لیا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ہندوستان سے متعلق پالیسی اپنی 27 سالہ جدوجہد میں کبھی تبدیل نہیں ہوئی اور ریاست پاکستان کی بھارت سے 70 سالہ پالیسی ہی پی ٹی آئی کی بنیادی پالیسی ہے۔ پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد مکمل طور پر اندرونی ہے، اور اس میں کسی غیر ملکی، بشمول ہندوستان، کا کوئی عمل دخل نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے، لیکن کسی غیر ملکی، بشمول جے شنکر، کو نہ تو شرکت کی دعوت دی گئی اور نہ ہی کسی کو ہمارے معاملات پر تبصرہ کرنے کا حق دیا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے احتجاج کے دوران حکومتی ردعمل کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک پر شیلنگ اور گولیوں کا استعمال ناقابل قبول تھا، ہم صرف آزاد عدلیہ کے لیے نکلے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور چیئرمین احتجاج میں براہ راست شریک نہیں ہوں گے، بلکہ پیچھے سے حمایت کریں گے۔ پارلیمنٹ کے اجلاس کے پیش نظر احتجاج میں نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ہمارے ایم این ایز کو دوبارہ نہ اٹھایا جائے۔