وزیراعلی خیبرپختونخوا ساری لائنز کراس کررہے ہیں: وزیر داخلہ

116
ability

  اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ہیں ساری حدود عبور کررہے ہیں، اگر انہوں نے مزید لائن کراس کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ساری حدود عبور کررہے ہیں، ان کے قافلے سے پولیس پر مسلسل فائرنگ اور شیلنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 80 سے 85 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں صورتحال واضح ہوگئی ہے کہ ان کے اس احتجاج کا کیا مقصد ہے ،پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہی ہے لیکن ہم اسے ایسا کرنے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کے شرپسند پولیس پر پتھراؤ بھی کر رہے ہیں ،چیک کررہے ہیں کہ ان کے پاس آنسو گیس کے شیل کیسے اور کہاں سے آئے، پولیس پر فائرنگ کی گئی یہ کیسا پُرامن احتجاج ہے ،اس سب کی ذمہ داری وزیراعلی کے پی پر عائد ہوتی ہے، انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ سمجھنے کے لیے تیار نہیں۔