دین نے استاد کو معلم ومربی ہونے کی وجہ سے روحانی باپ کا درجہ عطا کیا، مشرف کریم

92

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری نشرواشاعت مشرف کریم نے کہا ہے کہ تدریس شعبہ پیغمبری ہے دین اسلام نے استاد کو معلم و مربی ہونے کی وجہ سے روحانی باپ کا درجہ عطا کیا ہے۔ یہ انسانیت کا ستون بھی ہیں، اور بنیاد بھی کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں استاد کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا شعبہ تعلیم میں سب سے اہم جز استاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں 5 اکتوبر یوم تکریم اساتذہ کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا عالمی یوم مدرسین کے موقع پر دنیا کے معلم اعظم، محسن اعظم اور رہبر اعظم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک ہستی کو سلام جن کی تقلید، پیروی اور اطاعت میں ہی فلاح دارین ہے دنیا کے تمام اساتذہ کی عظیم ہستیوں کو سلام جن کے دم قدم سے علم و نور کی شمعیں فروزاں ہیں۔ بے شک اساتذہ ہی تکریم انسانیت ہیں۔ انہوں نے حکومت سے یوم تکریم اساتذہ کے موقع پر مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کو صحت کارڈ اور بنیادی حقوق دیے جائیں۔