سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے پی پی جلسہ کریگی

78

کراچی ( نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کارساز سانحہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدرآباد میں ہٹری بائی پاس پر عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جارہا ہے۔ جمہوریت میں جلسے کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔ اس وقت کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی ہو یا قومی و صوبائی نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، سینئر نائب صدر مرزا مقبول، نجمی عالم، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹریز آصف خان، شکیل چودھری، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ڈپٹی مئیر، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، جنرل سیکرٹریز، سینئر نائب صدور و انفارمیشن سیکرٹریز، تمام ٹائونز و یوسیز کے چیئرمینز و وائس چیئرمینز، تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 12 مئی کا سانحہ میں بھی کراچی میں بیگناہ شہریوں کو شہید کیا گیا اور 18 اکتوبر کا سانحہ بھی بے گناہ شہریوں کی شہادت کا دن ہے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کراچی میں ہر جگہ موجود ہے۔ 104 یوسیز پر کراچی میں ہم کامیاب ہوئے ہیں اور 25 میں سے اس وقت 13 ٹائونز پر پیپلز پارٹی کے ٹائونز کے چیئرمینز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی ہو یا قومی 2 صوبائی انتخابات ہم نے میدان مارا ہے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایات پر حیدرآباد میں جلسہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں جلسے کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ جمعہ 18 اکتوبر کو سہ پہر 3.00 بجے، ہٹری بائی پاس پر منعقد ہوگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ اس بار چیئرمین بلاول زرداری کی جانب سے سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کی برسی کے سلسلے میں جلسہ عام حیدرآباد میں منعقد کیا جارہا ہے اور اس جلسہ عام میں کراچی سے تمام عہدیداران و کارکنان بھرپور طور پر شرکت کریں گے۔