لاہور چیمبر میں تین روزہ پاکستان انرجی نمائش کا انعقاد

108

لاہور (کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے تین روزہ پاکستان انرجی نمائش کا افتتاح کر دیا۔ ترجمان کے مطابق چین کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر کا کے، نمائش کے چیف آرگنائزر عاطف ذیشان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرا دکی بڑی تعداد نمائش کی افتتاحی تقریب میں موجود تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبرکے صدر نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ انرجی ٹیرف میں کمی لائی جاسکے جو کاروباری شعبہ کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں توانائی ناگزیر بن چکی لیکن پاکستان میں اس کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے انڈسٹری کو مسائل کا سامنا ہے جبکہ انرجی کی طلب میں بھی واضح کمی ہوئی ہے۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ آئی پی پیز بھاری کپیسٹی چارجز کی ادائیگی نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ ہے بلکہ یہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ بھی ہے۔ انہوں نے توانائی شعبہ کو منظم کرنے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چین کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر کا کے نے کہا کہ چین پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان حقیقی بھائی ہیں اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔