وفاق کا گرین لائن بس سروس سندھ کے سپرد کرنے کا فیصلہ

80

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت دسمبر 2024ء میں گرین لائن بس سروس سندھ حکومت کے حوالے کرے گی، حکومت سندھ نے گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال حکیم دایو، سی ای او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو گرین لائن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گرین لائن منصوبے کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے والے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حکومت سندھ کے جاری آپریشنز، یوٹیلیٹی سروسز اور گرین لائن بس سروس کے لیے سبسڈیز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کا ایک اہم جزو ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن منصوبہ دسمبر 2024ء میں حکومت سندھ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے والا منصوبہ دسمبر 2024ء سے پہلے ہی مکمل ہوجائے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن کے آپریشنز کے لیے سالانہ 2ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ حکومت سندھ اس پر نظرثانی کرے گی۔ گرین لائن منصوبہ وفاق سے حکومت سندھ کو منتقل ہونے کے بعد شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے اس میں مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے جاری حکومت سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کی وجہ سے عوام نے سُکھ کا سانس لیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کراچی کا دیرینہ مسئلہ رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں زیادہ سے زیادہ بہتری لائی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔