ملائیشین وزیراعظم سے جنرل عاصم منیر کی ملاقات‘دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

46

راولپنڈی‘اسلام آباد (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیرکی ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم سے ملاقات۔ملاقات میں دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ملائیشین وزیر اعظم کی ملاقات میں پاکستان، ملائشیا دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے علاقائی امن و استحکام میں افواج پاکستان کے کردار اور دہشت گردی سے جنگ میں بھی پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی سے جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے آرمی چیف کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی جس پر آرمی چیف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم دورہ پاکستان کو پاک-ملائیشیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ملائیشیا سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،ہم ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اپنا 3 روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیا روانہ ہوگئے۔