اسرائیل فلسطین پر غاصبانہ قبضہ فوری ختم کرے، پاکستان

52

اسلام آباد (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے فلسطین پر پاکستان کے غیرمتزلزل موقف کی توثیق کرتے ہوئے اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) میں بحث کے دوران فلسطینیوں کے حقوق کو برقرار رکھے۔ مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر یو این ایچ آر سی کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے کی فوری اور ناگزیر ضرورت پر پاکستان کا مستقل موقف پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام انسانی حقوق حق خود ارادیت سے نکلتے ہیں جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا غیر قانونی قبضہ ختم ہونا چاہیے اور نسل کشی اور نسل پرستی کو روکنے کیلیے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کا احساس ہونا چاہیے۔ سیکرٹری خارجہ نے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کیلیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔