اسلام آباد:جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی کاوشیں رنگ لے آئیں، انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے 7 اکتوبر کو فلسطینیوں کے ساتھ یوم یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں رہنماؤں نے غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے 7 اکتوبر کو مشرق وسطیٰ کی صورت حال خصوصاً فلسطین کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کی گئی ہے۔
پی ایم ہاؤس کے مطابق یومِ یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہیں۔
وزیراعظم سے ہونے والی ملاقاتوں میں طے پایا ہے کہ 7 اکتوبر کو ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اجتماعات و سیمینار ہوں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں صدرمملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم شہبازشریف شرکت کریں گے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے فلسطین و غزہ میں جاری ظلم وستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کا اعلان کیا، ملاقات میں جماعتِ اسلامی کے غزہ اور فلسطین کے حق میں یکجہتی کے مؤقف کی تعریف کی گئی۔
واضح رہے کہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور اہم شخصیات کو اس میں شامل ہونے کے لیے دعوت بھی دی گئی ہے۔