معذور افراد کو روزگار کی فراہمی کے لیے پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد

104

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس اینڈ ڈس ایبلٹی نیٹ ورک (پی بی ڈی این) نے کام کی جگہ پر معذور افراز کی شمولیت سے متعلق پہلے پالیسی ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جہاں حکومتی اداروں کے اہم اسٹیک ہولڈرز، پرائیویٹ سیکٹر، بین الاقوامی تنظیموں اور معذور افراد کی تنظیموں ( او پی ڈیز) کو یکجاکیا گیا تاکہ ان پالیسی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے جو پاکستان کے قومی ترقی کے ایجنڈے میں معذور افراد ( پی ڈبلیو ڈیز) کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنائے۔ڈائیلاگ میں تین اہم پالیسی شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی جن میں ایس ایم ای پالیسی، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پالیسی اور پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام قابل ذکر ہیں۔ تقریب کا بنیادی مقصد پالیسیوں اور پروگرامز پر تبادلہ خیال کرنا تھا تاکہ پالیسی سفارشات تیار کی جا سکیں جو قومی پالیسیوں کو معذور افراد کی ضروریات کے لیے زیادہ ذمہ دار بناتی ہیں۔تقریب کی صدارت غلام محی الدین عاصم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈیپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسن ود ڈس ایبلٹیز حکومت سندھ نے کی۔سیکرٹری جنرل ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان سید نذر علی نے خیرمقدمی کلمات میں پی بی ڈی این کے معذور افراد کی ملازمت کو فروغ دینے کے اہم اقدامات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے صنعتوں میں ملازمت کے لیے معذور افراد کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔