کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پریذیڈنٹ ون ڈے کپ کے پہلے روز کھیلے گئے4 میچوں میں غنی گلاس، اسٹیٹ بینک، پی ٹی وی اور واپڈا نے کامیابی حاصل کرلی۔ ان میچوں کی خاص بات غنی گلاس کے طیب طاہر، سوئی ناردرن کے حسیب اللہ پی ٹی وی کے عماد بٹ اور واپڈا کے محمد عارف کی سنچریاں اور اسٹیٹ بینک کے محمد فیضان کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔ سعید اسپورٹس سٹی بیدیاں لاہور میں غنی گلاس نے دفاعی چیمپئن سوئی ناردرن کو کم روشنی کے سبب ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 19 رنزسے شکست دیدی۔ سوئی ناردرن نے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے۔ حسیب اللہ نے 11 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 128 رنز اسکور کیے۔ عمیربن یوسف نے10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز بنائے ان دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں155 رنز کا اضافہ کیا۔ عبیدشاہ نے 48 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ غنی گلاس نے جواب میں 45 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے تھے۔ طیب طاہر نے 12چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے128 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے حسین طلعت کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 180 رنز کا اضافہ کیا۔حسین طلعت نے 5 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک نے ہائر ایجوکیشن کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔