پشاور(ا سپورٹس ڈیسک) ڈپٹی کمشنر پشاور انٹر کلب والی بال چیمپئن شپ آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ، محبوب کلب ، ا سپورٹس بورڈ اکیڈمی،یوتھ خلیل کلب،اور آفتاب کلب کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ، ریجنل اسپورٹس آفس پشاور اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے قیوم ا سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں انٹر کلب والی بال چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہوگیا، پہلے کوارٹر فائنل میں محبوب کلب نے سعادت کلب پیر کلے کو 25-19 اور 25-17 سے شکست دی دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپورٹس بورڈ اکیڈمی نے مہران کلب کو 25-15 اور 25-11 سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اسی طرح تیسرے کوارٹر فائنل میں یوتھ خلیل کلب نے میاں کلب کو25-18 اور25-17 سے جبکہ آفتاب کلب نے سیریز کلب کو2-0 سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اس موقع پر صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد وقار، ریجنل ا سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس خیبرپختونخوا کے کوچ واصف اللہ ، بختیار عالم فنانس سیکرٹری صوبائی والی بال ایسوسی ایشن اور تجمل خان نیشنل ریفری بھی اس موقع پرموجود تھے۔