میکسیکو: فوج کی فائرنگ سے 6 تارکین وطن ہلاک

180
میکسیکو میںفائرنگ سے تارکین وطن کی ہلاکت کے بعد فوجی اہلکار جائے وقوع پر موجود ہیں

میکسیکو سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو میں فوجیوں نے ہائی وے پر مشتبہ گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 6 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گشت پر موجود اہلکاروں کو مصر، نیپال، کیوبا، بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 33 تارکین وطن کا پتا چلا۔ تاہم جنوبی چیاپاس ریاست میں پیش آئے واقعے کے حوالے یہ نہیں بتایا کہ جن لوگوں کی موت ہوئی، ان کا تعلق کس ملک سے تھا۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 اہلکاروں کو تحقیقات تک معطل کردیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ گشت پر موجود اہلکاروں نے تیز رفتار ٹرک کو دیکھا، جو بظاہر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اہلکاروں نے گولیوں کی آوازیں سنیں، جس کے بعد 2فوجیوں نے اپنے ہتھیار نکال کر ٹرکوں کو روکا۔ فائرنگ سے 4تارکین وطن کی موقع پر ہی موت ہوگئی ،جب کہ 12 زخمیوں میں سے 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ 17 تارکین وطن محفوظ رہے جنہیں امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ مختلف ممالک سے ہزاروں تارکین وطن ہر سال میکسیکو کے راستے بسوں، ٹرکوں اور مال بردار ٹرینوں سے امریکا اور میکسیکو کی سرحد تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔