سندھ زرعی یونیورسٹی میں ڈگری پروگرام کیلیے داخلہ ٹیسٹ 12اکتوبر کو ہوگا

253

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ 12 اکتوبر کو ہوگا، سندھ اور بلوچستان میں چار سینٹر قائم کیے جائیں گے، کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ خبر کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام اور اس سے منسلک عمرکوٹ کیمپس اور خیرپور کالج آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجیز میں تعلیمی سال 2025-2024 کے لیے انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ بروز ہفتہ 12 اکتوبر 2024 کو ہوگی۔ اس ضمن میں پبلک اسکول حیدرآباد، عمرکوٹ کیمپس، پبلک اسکول سکھر، اور بلوچستان کے امیدواروں کی سہولت کے لیے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں انٹری ٹیسٹ کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ایک اہم اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وائس چانسلر نے داخلہ اور انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ انٹری ٹیسٹ کے بہتر انتظامات پر مکمل توجہ دی جائے اور امیدواروں کی سہولت اور سیکیورٹی کے حوالے سے پائیدار انتظامات کیے جائیں۔ اس سلسلے میں ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ اس موقع پر داخلہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز علی کھوہارو، رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، ڈائریکٹر فنانس سید فدا حسین شاہ، ڈاکٹر بچل بھٹو، ڈاکٹر جاوید شیخ، ڈاکٹر اعجاز سومرو، ڈاکٹر شاہنواز مری، فہد احمد قریشی، گل شیر لوچی، اور ساجد عزیز سموں بھی موجود تھے۔