کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن سہولت کے آغاز کے ساتھ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اناڑی اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کو وارننگ جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن سہولت کا آغاز کردیا گیا ، اس حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی کا کہنا ہے کہ تین دن میں 12 ہزار سے زائد شہری رجسٹرڈ ہوگئے جبکہ آن لائن 11 سو افراد نے اپنے لائسنس بھی بنوائے۔غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ میڈیا میں جس طرح خبر چلی اب اس کی تعداد مزید بڑ ہے گی، ہم بھی یہ چاہ رہے کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچزمیں رش کم ہو، اگلے مرحلے میں پورا زور قانون کے نفاذ پر لگائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ حادثات کی وجہ وہ ڈرائیور ہیں جن کو گاڑی چلانانہیں آتی، پہلے اس لیے سختی نہیں کی تھی کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچز پر رش بڑھ جائے گا لیکن اب جنہوں نے ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنوائے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں ۔ آئی جی سندھ نے اناڑی ڈرائیورز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا اب کوئی بغیر لائسنس گاڑی چلانے والا ڈرائیور قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گا۔