کسی صورت سیاسی بھرتیاں نہیں ہونی چاہیے، علی خورشیدی

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا ہے کہ کسی بھی صورت میں سیاسی بھرتیاں نہیں ہونی چاہیے ۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے سندھ سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے شفاف انکوائری کیلئے چیف سیکریٹری سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کی دوسری بڑی سیاسی جماعت ہیں ہمیں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات پر شدید تحفظات ہیں، پچھلے سال ہم سندھ میں پچاس ہزار نوکریوں کیخلاف ہائیکورٹ میں گئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی چیف سیکریٹری سے کہا ہے کہ نوکریوں میں میرٹ کیا جائے، کسی بھی صورت میں سیاسی بھرتیاں نہیں ہونی چاہیے، سندھ میں چھوٹے گریڈ کی نوکریوں میں سیاسی بھرتیوں کا کلچر ہے۔ علی خورشیدی نے کہا کہ چیف سیکریٹری سے ملاقات میں ریڈ لائن منصوبے پر بھی بات ہوئی ہے، ریڈ لائن منصوبہ شروع تو کیا ہے لیکن حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے تیس پنتیس والا منصوبہ آج ایک سو دس ارب کا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے یہ منصوبہ غیر ضروری دیر کی وجہ بن ہی نہیں سکتا، منصوبے میں دیر کی وجہ سے لاگت دو سے تین گنا بڑھ گئی ہے۔