پراپرٹی ٹیکس ریکوری سے آمدن میں اضافہ ہوگا، چیئرمین صدر ٹائون

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ ادارے کے ریونیو میں اضافے کیلیے ٹیکس کے نظام میں جدّت اور مستقبل میں مزید بہتری کیلیے اصلاحات اور زیادہ سے زیادہ یونٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے عملی اور موثر اقدامات کیے جائیں تا کہ وسائل میں اضافے سے ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جاسکے اور اس کے براہ راست ثمرات عوام تک پہنچیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ٹاؤن کے مرکزی دفتر میں پراپرٹی ٹیکس کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع کیا ٹاؤن وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا، میونسپل کمشنر عبدالغنی، چیف اکاؤنٹ آفیسر نعیم یوسفی، ایس ای ایم اینڈ ای اقبال ڈاہری، ایس ای بی اینڈ آر رفیق شیخ، ڈائریکٹر ایڈمن محمد رئیسی، ڈائریکٹر پارکس عاصم علی خان ودیگر افسران بھی موجود تھے چیئرمین منصور احمد شیخ نے کہا کہ کراچی کے سب سے اہم اور حساس ٹاؤن میں نہ صرف شہر بلکہ صوبے کے زیادہ ترلوگ اپنے روزگاراور دیگر معمولات زندگی کی انجام دہی کیلیے روزانہ یہاں آتے ہیں جس کی وجہ سے ٹاؤن انتظامیہ اور عملے کو24گھنٹے مسلسل متحرک اور توقع سے زیادہ اخراجات کرنا پڑتے ہیں پراپرٹی ٹیکس کی ریکوری سے صدر ٹاؤن کے اپنے ذرائع آمدنی کو بڑھا نے میں مدد ملے گی اب یہ متعلقہ افسران کی ذ،ے داری ہے کہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں اس ضمن میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران وعملے کومراعات دی جائیں گی جبکہ ریکوری کے مقررہ ہدف کی وصولی میں ناکامی پر محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنزحکومت سندھ کیجانب سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا اختیار ٹاؤن میونسپل کارپوریشن صدر کراچی کو منتقل کردیا گیا ہے اس ضمن میں عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے سلسلے میں صدر ٹاؤن رابطہ کریں۔