بیروت: جنوبی لبنان میں صورتِ حال انتہائی شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔ اسرائیلی نے زمینی کارروائیاں شروع کرکے لڑائی کو مزید وسعت دے دی ہے۔ اسرائیلی حکام نے کہا تھا کہ زمینی کارروائیاں محدود پیمانے پر ہوں گی مگر اب لڑائی کو وسعت اختیار کرنے سے روکنا کسی کے بس کی بات نہیں۔
حزب اللہ اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان گھمسان کی دو بدو لڑائی بھی ہو رہی ہے۔ کئی مقامات پر فریقین ایک دوسرے کے سامنے ہیں۔ حزب اللہ نے جمعرات کو ہلاک ہونے والے ایک اسرائیلی فوجی کی لاش اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔ اسرائیلی کمانڈو یونٹ نے یہ کوشش ناکام بنائی۔
حزب اللہ نے دعوٰی کیا ہے کہ اس نے جمعرات کو مزید 17 اسرائیلی فوجیوں کو جہنم رسید کردیا۔ اسرائیلی فوج اس حوالے سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ اسرائیلی فوج کی حکمتِ عملی یہ ہے کہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ خاموشی اختیار کی جائے۔
عالمی بینک نے لبنان کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر اُس کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی فوری امداد کی منظوری دی ہے۔ یورپی یونین اور روس نے بھی لبنان کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل فرانس نے امدادی سامان سے لدا ہوا ایک طیارہ بیروت بھیجا تھا۔ قطر نے بھی لبنان کے لیے خصوصی حمایت و امداد کا اعلان کیا ہے۔