بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات

201

ٹریفک کے حادثات میں اضافہ ایک عالمی مسئلہ ہے، بڑے شہروں میں سڑکوں اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں لیکن ہمارے ملک باالخصوص کراچی شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کا اصل سبب حفاظتی اقدامات اور قواعد و ضوابط کی پابندی سے گریز ہے۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور اس کی اصلاح کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا اور بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے احکامات جاری کیے، ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ وہ گاڑیاں جو بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور حادثات میں ملوث ہوتی ہیں ایسی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرائے جائیں اور ایسے ڈرائیوروں کو دوبارہ گاڑی چلانے کی اجازت نہ دی جائے۔ آئے دن خراب ہونے والی گاڑیوں کا فٹنس لیٹر بھی منسوخ کرائیں، ایسے مقامات جہاں حادثات کے واقعات رونما ہورہے ہیں حادثات کی وجوہ اور اسباب کا جائزہ لے کر اپنی حکمت عملی متعین کریں۔ ٹریفک حادثات کے اسباب میں ٹوٹی سڑکیں بھی بہت بڑا سبب ہیں۔ اس کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کا بڑھتے ہوئے حادثات پر توجہ دینا مثبت قدم ہے، اس سلسلے میں سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ ٹریفک پولیس کے عملے کو ٹریفک کو رواں اور حادثات سے محفوظ رہنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مشاہدہ یہ ہے کہ ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو رواں رکھنے کے بجائے صرف چالان کرنے پر مصروف رہتا ہے، جبکہ پہلی ترجیح حادثات سے بچائو ہونا چاہیے اور یہ بڑی مہم کا تقاضا کرنا ہے۔