شارجہ:ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش نے افتتاحی میچ میں اسکاٹ لینڈ کو ہرا دیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ شارجہ میں کھیلا گیا، جس میں اسکاٹ لینڈ کو بنگلادیش کے ہاتھوں 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 119 رنز بنائے جب کہ اس کی 7 وکٹیں ضائع ہوئیں۔
بنگلادیش کے 119 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بناسکی، جس میں سارہ بریس 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جب کہ کپتان کیتھرین بریس اور ایلسا لسٹر 11، 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔
مذکورہ 3 بلے بازوں کے علاوہ اسکاٹ لینڈ کی کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکی، بنگلادیش کی طرف سے رتو مونی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔