اسلام آباد(اے پی پی) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کے تین روزہ دورہ پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمد شہبا شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔ وفاقی دارالحکومت آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم انور ابراہیم کو پھول پیش کئے جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ واضح رہے کہ اعلی سطح کا وفد بھی ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ ہے۔ اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم انور ابراہیم پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔علاوہ ازیںنائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن کو وزارت خارجہ آمد پر خیر مقدم کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے شعبوں اور ملائیشین وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا،اس سے قبل ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ایشیا اور بحر الکاہل کے امور کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔