کراچی(کامرس رپورٹر) آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کا سالانہ اجلاس عام 28 ستمبر 2024 کو کراچی کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سرپرست اعلی پی ایف وی اے وحید احمد نے انجام دی۔ اجلاس میں سال 26-2024 کے لیے عہدے داران کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ اسلم پکھالی کو چیئرمین منتخب کیا گیا جبکہ محمد نصیر سینئر وائس چیئرمین اور محمد فہد اقبال کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔ پی ایف وی اے کے اراکین نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین شہزاد شیخ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سرپرست اعلی پی ایف وی اے وحید احمد نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کے ساتھ اس یقین کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدے داران ملک سے پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ میں اضافہ اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ایسوسی ایشن کے روایتی اور مثالی کردار کو مزید تقویت دیں گے۔